رمضان سہولت بازار کامیابی سے جاری، عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کر رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے قائم کردہ رمضان سہولت بازار کامیابی سے جاری ہے، جہاں شہریوں کو تمام ضروری اشیاء ارزاں نرخوں پر دستیاب ہیں۔ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کے افسران سے بلاجھجک رابطہ کر سکتے ہیں۔
رمضان سہولت بازار کے دورے کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر رمضان سہولت بازار کا انعقاد کیا گیا ہے، جو کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔ یہاں روزانہ ہزاروں افراد اپنی ضروری اشیاء کم قیمت پر خرید رہے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ اگر کسی شہری کو سہولت بازار میں کسی بھی قسم کی شکایت ہو تو بازار میں موجود عملے کو مطلع کیا جا سکتا ہے اور اگر فوری طور پر شکایت کا ازالہ نہ ہو تو ضلعی انتظامیہ کے افسران سے کسی بھی وقت رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ عوامی شکایات پر فوری ایکشن لے رہی ہے، اور اب تک موصول ہونے والی تمام شکایات پر سخت کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے۔ ہمارا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور انہیں معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر فراہم کرنا ہے تاکہ رمضان المبارک کے دوران کسی شہری کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



