جہلم پولیس کی ماہ جون کی کارکردگی رپورٹ جاری، 9 گینگز گرفتار، کروڑوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری کی قیادت میں جہلم پولیس نے ماہ جون 2026 کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 9 جرائم پیشہ گینگ گرفتار کیے جبکہ مجموعی طور پر ایک کروڑ 16 لاکھ 45 ہزار 200 روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کے قیام، قتل، اغوا، چوری، ڈکیتی، رابری، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم کے خاتمے کے لیے جہلم پولیس دن رات متحرک رہی۔ کمیونٹی پولیسنگ، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور بروقت انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز اور اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ 93 اشتہاری و مفرور ملزمان گرفتار کیے گئے، جن میں 11 اے کیٹگری، 67 بی کیٹگری کے اشتہاری مجرمان اور 15 عدالتی مفرور شامل ہیں۔

پولیس نے قتل کے 3 مقدمات ٹریس کرتے ہوئے 6 ملزمان کو سیف سٹی کیمروں اور جدید سائنسی ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا۔ اسی طرح ریپ کے 8 مقدمات میں 8 ملزمان جبکہ گینگ ریپ کے 2 مقدمات میں 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

ماہ جون کے دوران 9 جرائم پیشہ گینگ ٹریس کیے گئے، جن سے متعلق 38 مقدمات میں 22 ملزمان گرفتار کیے گئے اور 31 لاکھ 16 ہزار 200 روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔ برآمد شدہ سامان میں 16 موٹر سائیکلیں، 2 رکشے، 7 موبائل فون، 2 پستول بمعہ ایمونیشن، ایک گائے، 2 بچھڑے، 2 سونے کی بالیاں، 3 سونے کی چوڑیاں اور ایک سونے کی انگوٹھی شامل ہیں۔

منشیات کے خلاف کارروائیوں کے دوران 34 مقدمات درج کر کے 36 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 17 کلو 95 گرام چرس، 2 کلو 540 گرام ہیروئن، ایک کلو 195 گرام آئس اور 257 بوتلیں شراب برآمد کی گئیں۔

غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف 49 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 49 ملزمان گرفتار ہوئے۔ ان کے قبضے سے 40 پستول، 4 رائفلیں، ایک ریوالور، 2 خنجر اور 116 گولیاں برآمد کی گئیں۔

قمار بازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 85 لاکھ 29 ہزار روپے کی داؤ پر لگی رقم اور 5 موبائل فون قبضے میں لیے گئے۔

پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 42 مقدمات درج کر کے 76 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 59 مرد اور 17 خواتین شامل ہیں۔ اسی طرح ہوائی فائرنگ کے 5 مقدمات درج کر کے 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ماہ جون میں ضلع بھر میں 236 ٹارگٹڈ مقامات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) اور کمبنگ سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 7,924 افراد، 3,222 گھروں اور متعدد مقامات کی چیکنگ کی گئی۔ ان کارروائیوں کے دوران ایک رائفل، 2 ریوالور، 5 پستول، ایک کلو 15 گرام چرس اور 70 لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 5,807 چالان کیے گئے، جن کے نتیجے میں 73 لاکھ 53 ہزار 200 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

پولیس خدمت مراکز میں ماہ جون کے دوران 4,107 شہریوں کو مختلف سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کمپلینٹ سیل کے ذریعے 271 شہریوں کی شکایات سن کر ان کے فوری ازالے کے لیے احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع جہلم میں امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جہلم پولیس بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی اسی جذبے اور پیشہ ورانہ انداز میں جاری رکھے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button