ماحولیات کے تحفظ کے لیے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا ، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انوائرمنٹل اپروول کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ ماحولیات کے افسران اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع بھر میں مختلف صنعتی اور تجارتی منصوبوں کے لیے ماحولیاتی منظوری کی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے واضح کیا کہ کسی بھی نئے منصوبے کی منظوری ماحولیاتی قوانین اور ضوابط کی مکمل پاسداری سے مشروط ہوگی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ فضائی اور آبی آلودگی کا باعث بننے والے یونٹس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں جا کر منظور شدہ اور زیرِ غور منصوبوں کا باقاعدہ معائنہ کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی سرگرمی ماحول کو نقصان نہ پہنچائے۔ اجلاس کے دوران کمیٹی نے متعدد زیرِ التوا درخواستوں پر غور کیا اور قواعد و ضوابط کی روشنی میں ان کی منظوری یا مسترد کرنے کے فیصلے کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ صنعتی ترقی ناگزیر ہے، تاہم اس کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی یکساں اہمیت رکھتا ہے تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے درختوں کی کٹائی روکنے، شجرکاری کو فروغ دینے اور ماحولیاتی بہتری کے اقدامات کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button