پنڈدادنخان میں ون ویلنگ کرنے والے 3 نوجوان گرفتار، موٹر سائیکلز ضبط

پنڈدادنخان: تھانہ للِہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ون ویلنگ کرنے والے تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے زیر استعمال موٹر سائیکلز بھی قبضہ میں لے لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ایسے نوجوانوں کو گرفتار کیا جو خطرناک انداز میں موٹر سائیکل چلا کر اپنی اور دیگر شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے تھے۔ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تین ملزمان کو قابو کیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران استعمال ہونے والے موٹر سائیکلز بھی قبضہ میں لے لیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خطرناک رجحان سے دور رہیں اور اپنے بچوں کو بھی اس سے باز رکھیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔



