رمضان اور عید کے رش کے پیش نظر تاجروں اور شہریوں کو ہوشیار رہنا ہوگا، چوہدری عارف

جہلم: چوہدری محمد عارف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے ساتھ عیدالفطر کی آمد آمد ہے اور اس موقع پر بازاروں میں شہریوں کا رش ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔ ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام تاجر اور شہری اپنی سماجی اور قومی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے چوکس رہیں۔

مرکزی انجمن تاجران جہلم کے صدر چوہدری محمد عارف نے کہا کہ اگر کسی بھی جگہ کوئی مشکوک شخص یا مشکوک شے نظر آئے تو اس کی فوری اطلاع 15 پر دی جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ تخریبی کارروائی سے بروقت بچاؤ ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کے لیے کسی بھی موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، اس لیے اجتماعی ہوشیاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے تاجروں اور عوام پر زور دیا کہ وہ بازاروں، گلی محلوں، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عوامی مقامات پر کڑی نظر رکھیں۔ اگر کہیں کوئی مشکوک غیر ملکی یا افغانی شہری نظر آئے تو اس کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس کو دی جائے۔

صدر مرکزی انجمن تاجران جہلم نے مزید کہا کہ گلی محلوں میں رکشوں پر آئس کریم، سبزیاں اور پھل فروخت کرنے والوں پر بھی نظر رکھنا ضروری ہے، کیونکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض مشکوک ویڈیوز اس امر کی نشاندہی کرتی ہیں کہ عوام کو ہر سطح پر محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں اور شہریوں کا باہمی تعاون ہی امن و امان کے قیام کی ضمانت ہے، اور ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہر فرد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے تاکہ رمضان اور عید کے دوران شہر میں امن، تحفظ اور سکون کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button