سعودی عرب نے ویزہ اور اقامہ تجدید کی نئی فیس مقرر کردی

ریاض: سعودی عرب نے ویزہ اور اقامہ کی تجدید سمیت 7 سروسز کی فیسوں میں تبدیلی کردی۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ابشر بزنس پلیٹ فارم نے اداروں کو پیش کی جانے والی سات خدمات کے لیے نئی فیس متعارف کرائی ہے۔
رد و بدل کے بعد ایگزٹ اور ری اینٹری ویزہ میں توسیع کی فیس 103 اعشاریہ 5 ریال مقرر کی گئی ہے جب کہ آئندہ سے ریذیڈنسی پرمٹ (اقامہ) اور فائنل ایگزٹ کے لیے تجدید کی فیس بالترتیب 51 اعشاریہ 75 اور 70 ریال ہوگی، اقامہ جاری کرنے کی نئی فیس 51 اعشاریہ 75 ریال ہے، ملازم کی رپورٹ طلب کرنے کی فیس 28 اعشاریہ 75 ریال مقرر کی گئی ہے۔
غیر ملکیوں کے لیے پاسپورٹ کی معلومات کو اپ ڈیٹ کرنے کی قیمت اب 69 ریال ہوچکی ہے۔ ابشر بزنس پلیٹ فارم نے واضح کیا ہے کہ یہ فیسیں ویلیو ایڈڈ سروسز پر لاگو ہوتی ہیں اور خاص طور پر ابشر بزنس پلیٹ فارم کے ذریعے لاگو کی جانے والی خدمات کے لیے ہیں۔
یہ فیسیں اس سالانہ پیکیج کا حصہ نہیں ہیں جو آجر سبسکرائب کرتے ہیں، اس کے علاوہ بھی ابشر پلیٹ فارم نے حال ہی میں کئی نئی خدمات متعارف کروائی ہیں، ایسی ہی ایک سروس Absher Individuals پلیٹ فارم کے ذریعے دستیاب ہے، جو میزبان افراد کو وزیٹر ویزہ پر مملکت میں داخل ہونے والے زائرین کے مفرور ہونے کے واقعات کی رپورٹ کرنے کی سہولت دیتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ابشر نے مفرور رپورٹ جمع کرانے کے لیے پانچ شرائط بیان کی ہیں، ان میں یہ شامل ہے کہ وزیٹر کا ویزہ ذاتی یا فیملی وزٹ ویزہ ہونا چاہیے، رپورٹ ویزہ کی میعاد ختم ہونے کے 7 دن بعد ہی درج کی جا سکتی ہے، ویزہ کی میعاد ختم ہونے کے 14 دنوں سے زیادہ روز بعد رپورٹس جمع نہیں کی جا سکتیں، ویزہ کی حیثیت ختم ہونی چاہیئے۔
مزید برآں مملکت آنے والے ہر فرد کیلئے صرف ایک رپورٹ درج ہو سکتی ہے، ایک بار جمع کروانے کے بعد رپورٹ کو منسوخ نہیں کی جا سکتی۔



