ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا پنڈدادنخان میں محرم الحرام کے جلوس کے روٹس کا دورہ

پنڈدادنخان: محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے تھانہ جلالپور شریف کے مختلف علاقوں سگھر پور، عبداللہ پور، پننوال اور کوٹلی پیراں میں جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا۔

ڈی پی او جہلم کے ہمراہ ڈی ایس پی پنڈ دادنخان، ڈی ایس او اور ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف بھی موجود تھے، جنہوں نے ڈی پی او کو جلوسوں کے مقررہ راستوں اور سیکیورٹی پلان سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے انتظامات کا خود جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو سیکیورٹی کے حوالے سے سخت اور مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس، ایلیٹ فورس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریزرو اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر سکینرز اور میٹل ڈیٹیکٹرز کی مدد سے شرکاء کی مکمل چیکنگ یقینی بنائی جائے گی۔

ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے حکم دیا کہ جلوسوں کے روٹس پر واقع بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور امن و امان کے قیام کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار اور متحرک ہے اور محرم الحرام کے دوران ہر سطح پر امن و سکون کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button