فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جہلم میں ٹلہ فائرنگ رینج کا دورہ، آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا

جہلم: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یکم مئی کو جہلم میں ٹلہ فائرنگ رینج کے دورے کے موقع پر افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی معیار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سپہ سالار نے میدانِ جنگ کے حقیقی ماحول میں کی جانے والی مشقوں کا مشاہدہ کیا، جہاں جوانوں نے جدید ترین اسلحے اور جنگی ساز و سامان کے ساتھ اپنی مہارتوں کا لوہا منوایا۔
فیلڈ مارشل نے تربیتی مشقوں میں جوانوں کے فوری ردعمل (Quick Response) اور باہمی ہم آہنگی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ میدانِ جنگ میں کامیابی کا دارومدار بہترین تربیت اور مضبوط اعصاب پر ہوتا ہے۔ جدید ہتھیاروں کا موثر استعمال اور مربوط منصوبہ بندی ہماری عسکری قوت کا خاصہ ہے۔
فیلڈ مارشل نے جوانوں کے بلند حوصلے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کی امنگوں کی محافظ ہے اور ملکی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمہ وقت آمادگی ہی بہترین دفاع کی ضمانت ہے۔



