جہلم میں پیرا فورس کی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری

جہلم: پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی جانب سے اندرون شہر ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں شہر کے بازار، چوک، چوراہے اور گلی محلے کشادہ ہو گئے ہیں۔ شہریوں نے پیرا انتظامیہ کی اس کامیاب مہم پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یہ آپریشن وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (ADCG) کی ہدایات پر کیا جا رہا ہے۔ پیرا کے ایس ڈی ای او احسن علی کی قیادت میں جاری اس آپریشن میں میونسپل کمیٹی کا شعبہ انکروچمنٹ، پنجاب پولیس کے اہلکار اور پیرا کی فیلڈ فورس شامل ہے۔
کارروائی سے قبل دکانداروں اور رہائشیوں کو تجاوزات ختم کرنے کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ بہت سے افراد نے ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تجاوزات خود بخود ہٹا دیے، تاہم ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی اور سرکاری مشینری کی مدد سے ان کی پختہ تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔
ایس ڈی ای او احسن علی کے مطابق یہ اقدامات وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ پیرا کی تشکیل کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی، سڑکوں اور بازاروں کے دونوں اطراف تجاوزات کے خاتمے، ناجائز قبضوں اور عوامی مشکلات کا سدباب کرنا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی جانب سے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ ایسی تمام تجاوزات کو فوری ختم کیا جائے جو شہریوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ یا موسمی خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔ تجاوزات قائم کرنے والے افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہر کی سڑکیں اور بازار کھلے اور محفوظ بنائے جا سکیں۔



