قیدیوں کی اصلاح اور بحالی کے لیے جدید تعلیم ناگزیر ہے، بلال اظہر کیانی

جہلم: الصفہ ریلیف کے تعاون سے ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کر دیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر الصفہ ریلیف ادریس خلیل نے شرکت کی، جبکہ سپرینٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

افتتاح کے بعد مہمانانِ خصوصی نے کمپیوٹر لیب کا تفصیلی معائنہ کیا اور قیدیوں کی تعلیم، اصلاح اور فنی تربیت کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر لیب میں فراہم کی گئی جدید سہولیات، کمپیوٹر سسٹمز اور تربیتی پروگرامز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قیدیوں کی اصلاح اور بحالی کے عمل میں جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں مثبت تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ سے قیدیوں کی ذہنی، سماجی اور اخلاقی تربیت میں بہتری آتی ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ کمپیوٹر لیب کے قیام سے قیدیوں کو آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتیں سیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے، جس سے وہ رہائی کے بعد باعزت روزگار حاصل کرنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بن سکیں گے۔ انہوں نے اس اقدام کو اصلاحی نظام میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر الصفہ ریلیف کی فلاحی خدمات کو سراہا گیا جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قیدیوں کی تعلیم، فنی تربیت، روزگار کے مواقع اور بحالی کے لیے ایسے فلاحی و اصلاحی منصوبے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button