جہلم میں ٹریفک آگاہی مہم، ڈی ایس پی ٹریفک جہلم نے شہریوں میں پمفلٹ تقسیم کیے

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر ڈی ایس پی ٹریفک طارق شفیع نے ٹریفک آگاہی مہم کے تحت شہریوں میں پمفلٹ تقسیم کیے اور ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے اہم ہدایات فراہم کیں۔
آگاہی مہم کے دوران شہریوں کو بتایا گیا کہ تیز رفتاری اور اوورٹیکنگ جیسے خطرناک عوامل حادثات کا سبب بنتے ہیں، جو جان لیوا ہو سکتے ہیں۔ موٹر سائیکل سواروں کو خصوصی طور پر دوران سفر ہیلمٹ کے استعمال کی تاکید کی گئی، کیونکہ موٹر سائیکل حادثات میں سر پر چوٹ لگنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، جو موت کا سبب بن سکتا ہے۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ صرف ہماری اپنی بلکہ دوسروں کی جان بھی محفوظ رکھ سکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور حادثات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
یہ آگاہی مہم شہریوں میں ٹریفک کے اصولوں کی اہمیت اجاگر کرنے اور حادثات کی شرح کو کم کرنے کے لیے پولیس کی کوششوں کا حصہ ہے، جسے عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔



