رات 9 بجے مارکیٹیں بند کرنے کی پابندی فوری ختم کی جائے، چوہدری محمد عارف

جہلم: مرکزی انجمن تاجران جہلم کے صدر چوہدری محمد عارف نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ رات 9 بجے مارکیٹیں بند کرنے کی پابندی فوری ختم کی جائے تاکہ تاجروں، کاروباری مراکز اور محنت کش طبقے کو درپیش معاشی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد عارف نے کہا کہ شدید گرمی کے موجودہ موسم میں شہری دن کے اوقات میں خریداری سے گریز کرتے ہیں اور زیادہ تر خریداری رات کے وقت کرتے ہیں۔ ایسے میں رات 9 بجے کاروباری مراکز بند کرنے کی پابندی تاجروں اور عوام دونوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رات کے وقت کاروبار کرنے والے ریسٹورنٹس، کیفے، فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹس، ہوٹلوں اور کھانے پینے کے دیگر مراکز اس پابندی سے شدید متاثر ہوئے ہیں، جس کے باعث ان کے کاروبار میں نمایاں کمی آئی ہے اور متعدد ملازمین بے روزگار ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے دوران حکومت نے کفایت شعاری کے تحت یہ پابندیاں نافذ کی تھیں، تاہم اب حالات معمول پر آ چکے ہیں، اس لیے ان پابندیوں کو برقرار رکھنے کا جواز باقی نہیں رہا۔
مرکزی انجمن تاجران کے صدر نے کہا کہ لاکھوں افراد رات کے وقت کاروبار اور ملازمت کے ذریعے اپنے اہل خانہ کا روزگار چلاتے ہیں، لہٰذا حکومت کو ان کے معاشی تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔
انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کے اوقات کار سے متعلق پابندی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے تاکہ تاجر برادری، کاروباری افراد اور محنت کش طبقہ اپنے روزگار کو بحال کر سکے اور شہری بھی موسم کی مناسبت سے سہولت کے ساتھ خریداری کر سکیں۔



