محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت اور اتحاد کا درس دیتا ہے، ڈاکٹر فضل الحق فضلی

جہلم کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر فضل الحق عرف فضلی نے محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران امن و امان کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہینہ صبر، برداشت، رواداری اور اتحاد کا پیغام لے کر آتا ہے۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے میدانِ کربلا میں حق اور سچائی کے لیے جو عظیم قربانی دی، وہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔

اپنے بیان میں ڈاکٹر فضل الحق نے کہا کہ امام حسین کا پیغام صرف یزیدیت کے خلاف قیام نہیں تھا بلکہ وہ انسانیت، اخوت اور بھائی چارے کی تعلیم بھی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اس پیغام کو سمجھنے اور اپنی عملی زندگی میں اسے اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ فرقہ واریت، نفرت اور انتشار کی بجائے اتحاد، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی مجالس اور جلوس ہماری مذہبی آزادی اور عقیدت کا اظہار ہیں، لیکن ان کے ساتھ امن و امان کو برقرار رکھنا بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر فضل الحق نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک دوسرے کا احترام کریں، اور کسی بھی ایسے عمل سے گریز کریں جو فرقہ واریت کو فروغ دے یا معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچائے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں اور محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر فضل الحق کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کو سب سے زیادہ اتحاد، یکجہتی اور رواداری کی ضرورت ہے، تاکہ ہم سب مل کر ایک پر امن اور محفوظ معاشرہ تشکیل دے سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button