جہلم میں مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں

جہلم: فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

نماز جمعہ کے فوراً بعد شہر کی مختلف مذہبی، سماجی اور شہری تنظیموں کی جانب سے بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے فلسطینی بہن بھائیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف نعرے لگائے اور اپنے ہاتھوں میں اسرائیل کے خلاف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔

ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی شاندار چوک پہنچی، جہاں قائدین نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے جو ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑنا شروع کر رکھے ہیں، ان کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

قائدین نے یہ بھی کہا کہ مسجد اقصیٰ ہمارا قبلہ اول ہے، اور ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ اگر اسرائیل نے اپنی جارحیت روکنے کی کوئی کوشش نہ کی، تو ہم ملک بھر میں احتجاج کریں گے اور اسرائیل کو دنیا کے نقشے سے مٹا دیں گے۔

مقررین نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کی سفارتی اور اخلاقی مدد کے لیے مزید فعال کردار ادا کیا جائے۔ احتجاجی ریلی میں مختلف سماجی تنظیموں، طلبہ و طالبات، علمائے کرام اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی اور عالمی برادری سے فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

ریلی کا اختتام گوبند والی چوک پر ہوا جہاں فلسطینی عوام، شہداء اور ان کے لواحقین کے لیے دعا کی گئی۔ ریلی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور مظاہرین نے پُرامن طور پر احتجاج کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button