پنجاب حکومت نے کاروباری اوقات کار میں تبدیلی کر دی، نیا نوٹیفکیشن جاری

جہلم: حکومت پنجاب نے موسم گرما میں دن کے طویل دورانیے اور توانائی کے مؤثر استعمال کے پیش نظر صوبہ بھر میں مارکیٹوں، کاروباری مراکز اور تجارتی سرگرمیوں کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی منظوری کے بعد سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس سید مسعود نعمان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں تمام دکانیں، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، بازار اور گروسری اسٹورز اب رات 8 بجے کے بجائے 9 بجے بند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے تحت شادی ہالز، مارکیز اور دیگر کمرشل تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے، جبکہ ریستوران، کیفے، سنیما اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 11 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم ان اداروں کی ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز پر یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔
حکومت پنجاب نے بعض شعبوں کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ ان میں میڈیکل اسٹورز، ہسپتال، کلینکس، لیبارٹریز، بیکریاں، تندور، دودھ اور ڈیری کی دکانیں شامل ہیں۔
اسی طرح پیٹرول پمپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز، جم، کھیلوں کی سہولیات، آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز بھی ان اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت کے مطابق یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور آئندہ احکامات تک ہفتے کے ساتوں دن، بشمول ہفتہ اور اتوار لاگو رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نئے اوقات کار پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور توانائی کے مؤثر استعمال اور حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔




