ڈپٹی کمشنر جہلم کا میونسپل کمیٹی کی دکانوں کے کرایے بڑھانے کا عندیہ

جہلم: ضلع جہلم میں میونسپل کمیٹی کی ملکیتی دکانوں کے کرایوں میں اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس نے ڈسٹرکٹ پرائس اسیسمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ سرکاری عمارتوں، دکانوں اور دیگر املاک کے کرایہ جات کو موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق مقرر کیا جائے گا تاکہ سرکاری خزانے میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ موجودہ کرایہ جات نہ صرف غیر مناسب حد تک کم ہیں بلکہ ان سے سرکاری وسائل کا ضیاع بھی ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور جائیداد کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں سرکاری املاک کے کرایے بڑھانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف سرکاری ریونیو میں اضافہ ہے بلکہ سرکاری اثاثوں کا بہتر استعمال اور ان کا درست مالی تخمینہ بھی یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق کرایہ جات میں متوقع اضافے کے لیے باقاعدہ سروے اور مارکیٹ ویلیو کا تقابلی جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد نئی شرحیں مقرر کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس کا کہنا تھا کہ یہ اقدام انصاف، شفافیت اور عوامی مفاد کے تقاضوں کے عین مطابق ہو گا، تاکہ بلدیاتی ادارے مالی طور پر خودمختار ہو سکیں اور شہری سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔



