دینہ میں یومِ آزادی بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ

دینہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر یکم اگست سے یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد فیصل اور تاجر برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک عظیم نعمت، ایک آزاد وطن کی صورت میں عطا کی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس نعمت کا شکر ادا کرتے ہوئے 14 اگست کا جشن پوری قوم کے ساتھ جوش و خروش سے منائیں۔”

انہوں نے تمام تاجروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ اپنی دکانوں، گھروں اور محلوں کو سبز و سفید روشنیوں اور قومی رنگوں سے خوبصورت انداز میں سجائیں۔ انہوں نے بتایا کہ یکم اگست سے 14 اگست تک روزانہ کی بنیاد پر میونسپل کمیٹی پارک، جی ٹی روڈ دینہ میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں شہری بھرپور شرکت کریں۔

صفاء عابد نے یہ بھی اعلان کیا کہ بہترین سجاوٹ اور لائٹنگ کرنے والوں کو میونسپل کمیٹی دینہ کی جانب سے خصوصی انعامات دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف جشن نہیں بلکہ ایک قومی فریضہ ہے، جس میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اجلاس میں موجود تاجر برادری نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ اس بار جشن آزادی بھرپور انداز میں منائیں گے اور ملک سے اپنی محبت کا عملی مظاہرہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button