ضلع جہلم میں عید الفطر پر مختلف واقعات و حادثات میں 70 سے زائد افراد زخمی

جہلم: عیدالفطر کے دن ریسکیو اہلکار عوام کی خدمت کے لیے موجود رہے اور مختلف حادثات و واقعات میں زخمی ہونے والوں سمیت مجموعی طور پر 73 افراد کو ریسکیو کیا۔
تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے پہلے دن ریسکیو 1122 نے 72 ایمرجنسیز پر رسپانس کر کے 73 لوگوں کو ریسکیو کیا۔ ان ایمرجنسیز میں 72 مریضوں میں سے 15 افراد کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی جبکہ 57 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122جہلم نے بتایا کہ 72 ایمرجنسیز میں سے ٹریفک حادثات کی تعداد 18 رہی اور ان حادثات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 27 ہے۔ میڈیکل ایمرجنسیز کی تعداد 44، اونچائی سے گرنے کے 3 اور آ گ لگنے کا ایک واقعہ رونما ہوا جبکہ متفرق ایمرجنسیز کی تعداد 5 رہی۔
انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر جہاں پر لوگ اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منانےمیں مصروف تھے وہیں پر عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ریسکیورز عوام کی خدمت کے لیے موجود رہے۔ ریسکیو اہلکار دن ہو یا رات 24 گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے لئے اپنی خدمات پیش کرتے رہے ۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کا ارادہ عوام کا اپنا ارادہ ہے اور ہمارا مقصد عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔



