سوہاوہ شہر میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ، نامعلوم چور ایک اور گھر سے زیورات اور نقدی لے اڑے

سوہاوہ شہر میں چوری کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا ہے، جس سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔

گزشتہ رات جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے محلہ حیدری میں پیش آنے والے ایک واقعے میں چور ایک گھر سے چاندی کے زیورات اور نقدی چرا کر فرار ہو گئے۔ اسی علاقے میں ایک دکان میں نقب زنی کی کوشش بھی کی گئی، مگر اہل محلہ کے بروقت جاگنے پر چور موقع سے بھاگ نکلے۔

چوری کی بڑھتی وارداتوں پر اہل علاقہ نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سردیوں کی طویل راتوں میں اپنے اردگرد چوکنا رہیں اور ہمسایوں کے ساتھ مستقل رابطہ رکھیں۔

شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جی ٹی روڈ کے بجائے گلی محلوں میں رات کے وقت گشت کو یقینی بنائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائی ممکن ہو اور شہر میں امن و سکون بحال ہو۔

ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ محمد عمران نے ان وارداتوں پر فوری کارروائی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا۔ موجودہ وسائل کے تحت ایک گاڑی لہڑی سے پڑی درویزاں تک کے علاقے کو کور کرتی ہے۔

ایس ایچ او نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہری گھروں اور دکانوں پر”CCTV کیمرے” نصب کریں، محلہ کمیٹی بنا کر "چوکیداری کا نظام” وضع کریں، گھروں کے باہر مناسب روشنی کا انتظام کریں اور رات کو بلب روشن رکھیں۔

شہر کے باسیوں نے زور دیا کہ انفرادی اور اجتماعی اقدامات کے ذریعے ہی جرائم کی روک تھام ممکن ہے۔ پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تعاون ہی امن و امان کی بحالی کی کلید ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button