دریائے جہلم اور ندی نالوں میں نہا کر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے 5 افراد گرفتار

پنڈدادنخان: پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دریاؤں اور ندی نالوں میں نہا کر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے 5 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دریاؤں، ندی نالوں اور گہرے پانی والی جگہوں پر نہانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے تاکہ ڈوبنے کے واقعات اور دیگر ناخوشگوار حادثات سے بچا جا سکے۔

اس سلسلے میں جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 5 افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

ترجمان کے مطابق انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور گہرے پانی والی جگہوں پر نہانے سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں خطرناک مقامات پر جانے سے روکیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button