نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے، جاوید بشیر

بریڈفورڈ: پروفیشنل مسلم انسٹی ٹیوٹ برطانیہ نے بریڈفورڈ میں نیٹ ورکنگ ڈنر کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد اور خواتین نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ساجد حسین تھے جو برطانیہ میں فرسٹ ڈائریکٹ جو ایچ ایس بی سیکا حصہ ہے کے علاوہ امانہ کمپنی کی ویلتھ منیجمنٹ ،مالیاتی منصوبہ بندی، اور ریٹیل بینکنگ میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
ان کا دعویٰ ہے کہ وہ شمالی انگلستان میں پہلے برٹش پاکستانی نوجوان ہیں جو ایچ ایس بی سی فرسٹ ڈائریکٹ بینک گروپ کی کسٹمر سروس ڈیلیوری کے سربراہ ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے وہ گزشتہ 20سال سے اس ادارے کے لیے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
تقریب کا اہتمام پروفیشنل مسلم انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر جاوید بشیر نے کیاجو گزشتہ پندرہ سال سے برطانیہ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے نوجوانوں کی خدمات اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے اعزاز میں تقریبات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر پروفیشنل مسلم انسٹی ٹیوٹ کے بانی جاوید بشیر کا کہنا تھا کہ تقریب کا مقصد نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کی خدمات کا اعتراف اور ان کی عزت افزائی کرنا ہے تاکہ نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کی مزید حوصلہ افزائی ہو سکے۔
فرسٹ ڈائریکٹ بینکنگ کے سربراہ ساجد حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بھرپور محنت اور والدین کی دعاؤں سے اس مقام پر پہنچے ہیں وہ کارپوریٹ دائرے سے ہٹ کر برطانوی معاشرے میں سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ میرے اس جذبے نے مجھے کونسلر، ڈی ڈبلیو پی کا سرپرست، اور گورنر کے ساتھ ساتھ ایک کمیونٹی چیرٹی کے ٹرسٹی کے طور پر فعال خدمات سر انجام دینے کا باعث بنایا ہے۔ ان کرداروں کے ذریعے میں معاشرے میں معنی خیز مثبت تبدیلی لانے کے لیے ہمیشہ کوشاں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بلا تفریق رنگ ونسل آگے بڑھنے کے مواقع موجود ہیں ہمیں اپنی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے اس معاشرے کا حصہ بن کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔نیٹ ورکنگ ڈنر کی تقریب میں رادھرم کی ڈپٹی لارڈ مئیر کونسلر رخسانہ حلیم جو یارکشائر مجسٹریٹ بینچ کی مجسٹریٹ بھی ہیں نے خصوصی شرکت کی۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے پروفیشنل مسلم انسٹیٹیوٹ کی کاوشوں کو سراہا جس نے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا جا سکے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس ملک میں اپنے مثبت کردار سے آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے ایک ایسی مثال قائم کرنی چائیے جو ان کیلئے ایک رول ماڈل ہو۔
تقریب سے ڈاکٹر عبدالقدوس اور پولہ رینئیرنےخطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض مزید خان نے سرانجام دئیے۔ نیٹ ورکنگ ڈنر تقریب میں منہوج جوشی ایم بی ای ،ناتھن جاوید ،فرشتے ،قاسم اعوان ،اسماعیل پٹیل ،رشما خان ،شازیہ رشید احمد ،مائزہ ریحان اور دیگر نے شرکت کی ۔



