جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے 14 مقدمات میں فواد چوہدری کی ضمانت منظور

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جی ایچ کیو حملہ سمیت سانحہ 9 مئی کے 14 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر لی۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے سماعت کی۔ اس موقع پر فواد چوہدری فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے تمام مقدمات میں شخصی گارنٹی پر عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے تمام کیسوں میں پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔
عدالت نے تمام متعلقہ تھانوں کو نوٹس جاری کردیا اور 30 اپریل کو کیسوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سابق رہنما کو 5 اپریل کو جہلم پنڈ دادنخان دو رویہ سڑک پروجیکٹ میں خوردبُرد کے کیس میں اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے یکم اپریل کو مذکورہ کیس میں ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔



