تاجر برادری کے جائز مسائل قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت حل کیے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: تاجر برادری کو درپیش مسائل کے جائزے اور ان کے موثر حل کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں تاجر برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تاجر برادری کے نمائندگان نے کاروباری سرگرمیوں سے متعلق مختلف مسائل، تحفظات اور تجاویز ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیے۔ انہوں نے کاروباری امور میں درپیش مشکلات اور ان کے حل کے حوالے سے اپنی تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے تاجر برادری کا مؤقف تفصیل سے سنا اور پیش کیے گئے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری مقامی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے ان کے جائز مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تاجر برادری کے جائز مسائل کو قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت حل کیا جائے اور اس حوالے سے ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے انتظامیہ اور تاجر برادری کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی مشاورت اور رابطے کے ذریعے درپیش معاملات کو بروقت اور مؤثر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔



