جہلم میں 6 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا

جہلم کے علاقے کریم پور میں 6 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سول لائن کے علاقے کریم پور میں 6 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او تھانہ سول لائن چوہدری عمران کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عمران عرف مانا کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم مبینہ طور پر بچی کے مخصوص اعضاء پر تشدد بھی کرتا رہا۔
ایس ایچ او چوہدری عمران کے مطابق بچی کی میڈیکل رپورٹ میں اس کے نازک حصوں پر نشانات بھی سامنے آئے ہیں۔ بچی کی حالت خراب ہونے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا، جبکہ بچی کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عمران عرف مانا کو قلیل وقت میں کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرکے تھانہ سول لائن منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے مبینہ طور پر اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمے میں تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں۔



