ڈپٹی کمشنر جہلم کا سول ہسپتال کا دورہ، مریضوں سے ملاقات، سہولیات کا جائزہ لیا

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی سہولتوں کی بہتری اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے دورہ کیا۔
اس دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں سے فرداً فرداً ملاقات کی تاکہ ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور ادویات کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس ڈاکٹر سہیل اور دیگر ہسپتال کے عملہ سے ہسپتال میں جاری طبی سرگرمیوں پر بریفنگ بھی لی۔ بعد ازاں ڈی سی جہلم نے او پی ڈی میں جا کر علاج کی غرض سے آئے ہوئے مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی خدمات، ادویات کی فراہمی اور دیگر مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر سید محمد میثم عباس نے کہا کہ ہسپتال میں آنے والے ہر شہری کو بہترین علاج کی سہولت اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ اگر کسی کو کسی قسم کی شکایت ہو تو وہ متعلقہ ایم ایس، محکمہ صحت کے افسران یا خود ڈپٹی کمشنر سے بھی اپنی شکایات کا اظہار کر سکتے ہیں۔
دورے کے دوران ڈی سی جہلم نے شاندار چوک میں واقع ای این ڈی سینٹر کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ چھوٹے طبی مراکز میں بھی شہریوں کو تمام دستیاب سہولتیں ہر صورت فراہم کی جائیں۔



