جہلم: پولیس کا آبی گزرگاہوں میں نہانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 3 افراد گرفتار

جہلم پولیس نے دریا، ندی نالوں، نہروں اور دیگر آبی گزرگاہوں میں نہانے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھتے ہوئے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ضلع بھر میں دریا، ندی نالوں، نہروں اور دیگر آبی گزرگاہوں میں نہانے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اس سلسلے میں تھانہ سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دریا میں نہا کر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے تین افراد کو گرفتار کر لیا، جن کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات بالخصوص نوجوانوں اور بچوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے کیے جا رہے ہیں، کیونکہ موسم گرما کے دوران دریا، نہروں اور ندی نالوں میں نہاتے ہوئے حادثات اور ڈوبنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔
ترجمان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دریا، نہروں اور دیگر خطرناک آبی مقامات پر نہانے سے روکیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نافذ کردہ پابندی پر مکمل عمل کریں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور کسی کو بھی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔



