ڈیول کیرج وے للِہ تا جہلم روڈ پر مٹی کے طوفان نے شہریوں اور تاجروں کو پریشان کر دیا

پنڈدادنخان: للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے روڈ پر دھریالہ جالپ کے مقام پر اڑتی مٹی اور گردوغبار نے شہریوں، تاجروں اور مسافروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

شدید گرمی کے موسم میں سڑک پر پانی کا باقاعدہ چھڑکاؤ نہ ہونے کے باعث مٹی کے بادل اٹھ رہے ہیں، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ عوام کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مقامی تاجروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر مسلسل اڑنے والی گردوغبار کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ دکانوں اور تجارتی مراکز میں مٹی جمع ہونے سے اشیاء خراب ہو رہی ہیں جبکہ گاہکوں کی آمدورفت میں بھی کمی واقع ہو رہی ہے۔

شہریوں کے مطابق موٹر سائیکل سواروں، پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کے ڈرائیورز کو گردوغبار کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مٹی کے گھنے بادل بعض اوقات حدِ نگاہ کم کر دیتے ہیں جس سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

علاقہ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مسلسل گردوغبار کے باعث سانس، آنکھوں اور گلے کی مختلف بیماریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور مریض افراد کی صحت پر اس کے منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے۔

شہریوں اور تاجروں نے متعلقہ محکمہ، ضلعی انتظامیہ اور تعمیراتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک پر فوری طور پر پانی کا باقاعدہ چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے اور گردوغبار کو قابو کرنے کے لیے مؤثر اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو اس پریشانی سے نجات مل سکے اور ٹریفک کی روانی بحال رہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو شدید گرمی اور بڑھتے ہوئے گردوغبار کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے، جس کے اثرات نہ صرف عوامی صحت بلکہ کاروباری سرگرمیوں پر بھی مرتب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button