عید الاضحیٰ پر جہلم جیل میں قیدیوں کی اہلخانہ سے ملاقات،جیل میں چٹ پٹے کھانوں اور جذباتی مناظر کا سماں

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ جیل جہلم کی انتظامیہ نے قیدیوں اور حوالاتیوں کو عیدالاضحی کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے اہم اور مثبت قدم اٹھایا ہے۔
عید کے پہلے اور دوسرے روز قیدیوں کو اہلخانہ سے ملاقات کی خصوصی اجازت دی گئی، جس کے دوران ملاقاتی اپنے ساتھ گھروں سے تیار کردہ چٹ پٹے پکوان بھی لائے۔
ڈسٹرکٹ جیل جہلم کی ملاقات گاہ میں ان دو دنوں کے دوران ملاقاتیوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ خواتین، بزرگ، اور معصوم بچے اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے جیل کے باہر لمبی قطاروں میں کھڑے رہے۔ ملاقات کے دوران کئی جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے، خاص طور پر جب بچے اپنے والد یا والدہ کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھ کر سسکیاں بھرنے لگے۔
انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ ملاقات کے دوران لائے جانے والے کھانوں کی چیکنگ کی گئی جبکہ قیدیوں اور ان کے اہلخانہ کے لیے مختص وقت میں نرمی برتی گئی تاکہ وہ عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
عوامی حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے اور اسے قیدیوں کی ذہنی صحت اور معاشرتی ربط کی بحالی کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کی اس ہمدردانہ پالیسی کو قیدیوں کے اہلخانہ کی جانب سے بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔



