جہلم میں ایمرجنسی 15 پر متعدد جھوٹی کالز کرنے والا ملزم گرفتار

جہلم پولیس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر متعدد بار جھوٹی کالز کرکے پولیس اور دیگر امدادی اداروں کا قیمتی وقت ضائع کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایسے شخص کو گرفتار کیا جو بار بار ایمرجنسی 15 پر جھوٹی اطلاعات دے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گمراہ کر رہا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کی جانب سے مسلسل جھوٹی کالز کے باعث پولیس اور دیگر ایمرجنسی سروسز کے وسائل غیر ضروری طور پر استعمال ہو رہے تھے، جس سے حقیقی ضرورت مند افراد کی بروقت مدد متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ایمرجنسی 15 عوام کی فوری مدد اور جان و مال کے تحفظ کے لیے قائم ایک اہم سروس ہے، جس پر جھوٹی کالز کرنا قانوناً جرم ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایمرجنسی سروسز کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں اور صرف حقیقی ہنگامی صورتحال میں ہی رابطہ کریں تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

ڈی پی او نے واضح کیا کہ ایمرجنسی سروسز کو گمراہ کرنے، جھوٹی اطلاعات دینے اور سرکاری وسائل کے ضیاع کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button