گوجرخان میں الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد

گوجرخان: الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام حرا سکول دریالہ خاکی تحصیل گوجر خان میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں مریضوں نے مفت طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔
کیمپ کا آغاز نماز جمعہ کے بعد دوپہر 2:30 بجے ہوا، جس میں ماہر اور مستند چائلڈ اسپیشلسٹ، آئی اسپیشلسٹ، میڈیکل ٹیم اور فزیو تھراپسٹ ڈاکٹروں نے خدمات سرانجام دیں۔
میڈیکل کیمپ میں مریضوں کا مکمل معائنہ کیا گیا جبکہ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ شوگر اور بلڈ پریشر کے مفت ٹیسٹ بھی کیے گئے۔
الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی تنظیم ہے، جو اپنی تمام فلاحی خدمات شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان کی نگرانی میں انجام دے رہی ہے۔
فاؤنڈیشن کی بنیاد شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر محمد اکرم اعوانؒ نے رکھی تھی، جبکہ اس وقت اس کی سرپرستی امیر عبدالقدیر اعوان فرما رہے ہیں۔
اس موقع پر صاحبِ مجاز راولپنڈی ڈویژن محمد ارشد نے بھی کیمپ کا دورہ کیا اور بہترین انتظامات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔
کیمپ میں معززینِ علاقہ، سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جبکہ مریضوں نے الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
ذمہ داران کا کہنا تھا کہ الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان بلا سیاسی و مذہبی تفریق ملک بھر میں خدمتِ انسانیت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے اور مستقبل میں بھی مزید فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔



