جہلم پولیس کی بروقت کارروائیاں، مختلف علاقوں میں 4 گمشدہ بچوں کو لواحقین سے ملا دیا

جہلم/سوہاوہ: جہلم پولیس نے مختلف علاقوں میں بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے گمشدہ بچوں اور بچیوں کو تلاش کر کے بحفاظت ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سوہاوہ پولیس کو ایمرجنسی 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ ایک 8 سالہ بچی گھر سے لاپتہ ہو گئی ہے، جس پر ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا اور قلیل وقت میں بچی کو تلاش کر لیا۔ بعد ازاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچی کو بحفاظت اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔
اسی طرح تھانہ سول لائنز پولیس کو 9 سالہ بچے کے گمشدہ ہونے کی اطلاع ملی، جس پر پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور کوششوں کے ذریعے بچے کو مختصر وقت میں تلاش کر کے بحفاظت اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب تھانہ ڈومیلی پولیس کو بھی ایمرجنسی 15 پر بچے کے گم ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے بچے کی تلاش شروع کی اور بروقت اقدامات کے ذریعے گمشدہ بچے کو بحفاظت بازیاب کروا کر اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔
ادھر ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں قائم پولیس خدمت کاؤنٹر کے عملے نے بھی 5 سالہ گمشدہ بچی کو تلاش کر کے اس کے لواحقین کے حوالے کیا۔
تمام واقعات میں بچوں کے اہل خانہ نے جہلم پولیس کی بروقت کارروائی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔



