ای اسٹامپ اور سٹیزن پورٹل میں فنی خرابی، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

پڑی درویزہ: آن لائن ای اسٹامپ فروش پورٹل اور شہریوں کے لیے قائم سٹیزن پورٹل فنی خرابی کے باعث متاثر ہو گئے ہیں، جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ کے ذریعے چلنے والے ای اسٹامپ سسٹم میں ای چالان کے ذریعے رقم جمع کرانے کے باوجود ادائیگی کنفرم نہیں ہو رہی، جبکہ سٹیزن پورٹل پر بعض شناختی کارڈز کی تصدیق بھی بلاوجہ نہیں ہو پا رہی۔
اسٹامپ فروش حضرات اور شہریوں کا کہنا ہے کہ ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے کے باوجود مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا، جس کے باعث مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہیلپ لائن عملے کو پابند کیا جائے کہ وہ سائلین کی شکایات کا بروقت اور مؤثر حل یقینی بنائیں۔
متاثرہ شہریوں اور اسٹامپ فروشوں نے سیکریٹری ریونیو پنجاب اور محکمہ آئی ٹی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظام کو جلد بحال کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔



