گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں اور ژالہ باری کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

جہلم: این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں موسم کی شدت کے پیش نظر گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور ژالہ باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ بالائی علاقوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کے ساتھ برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، لاہور، فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب کھڑے ہونے سے بچیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔



