عیدالفطر؛ پردیسیوں کی بڑی تعداد اپنے آبائی شہروں،دیہاتوں اور قصبوں کو روانہ ہو گئی

جہلم: عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی پردیسیوں کی بڑی تعداد اپنے آبائی شہروں، دیہاتوں اور قصبوں کی جانب روانہ ہو گئی جس کے باعث شہر کے لاری اڈوں اور بس اسٹاپس پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔

ذرائع کے مطابق مسافروں کو ٹکٹ کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بس اڈوں پر طویل قطاریں لگی رہیں جہاں لوگ گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور دکھائی دیے۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے گاڑیوں کی کمی کا جواز بنا کر کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیا اور مسافروں سے زائد کرایے وصول کیے گئے۔

دوسری طرف جب پردیسی اپنے آبائی علاقوں میں پہنچے تو دیہاتوں اور قصبوں کی فضا اپنائیت، محبت اور خوشیوں سے مہک اٹھی۔ برسوں بعد اپنے پیاروں سے ملنے والے افراد کے جذبات دیدنی تھے۔

عید کی آمد کے ساتھ ہی شہروں میں روزگار کے لیے مقیم افراد کی اپنے گھروں کو واپسی کا سلسلہ شروع ہوا جو عید کے قریب آتے آتے عروج پر پہنچ گیا تھا۔ پردیسیوں کی آمد سے دیہاتوں کی سنسان گلیاں ایک بار پھر آباد ہو گئیں اور ہر طرف خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

بزرگ اپنے بچھڑے بیٹوں اور عزیزوں کو دیکھ کر خوشی سے نہال ہو گئے جبکہ ماں کی آنکھیں خوشی کے آنسوؤں سے بھر آئیں۔ دیہی علاقوں کی بیٹھکیں اور چوپالیں بھی دوبارہ آباد ہو گئیں جہاں دوست احباب کی محفلیں سجنے لگیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button