شہری ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ڈاکٹر فواد مجید چوہدری

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم کے میڈیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر فواد مجید چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کے پیش نظر شہری احتیاطی تدابیر کو لازمی اپنائیں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی آگاہی کے لیے ایڈوائزری جاری کی جا چکی ہے اور اس پر عمل درآمد نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ غیر ضروری طور پر شدید دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور اگر نکلنا ناگزیر ہو تو سر، ناک اور منہ کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں۔ ہلکے رنگوں کے ڈھیلے کپڑے پہنیں، جسمانی مشقت سے بچیں اور ایسی خوراک استعمال کریں جو جسم کو ٹھنڈک پہنچائے، مثلاً سبزیاں اور پھل۔ گوشت اور انڈوں کے استعمال میں کمی کریں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
ڈاکٹر فواد نے خبردار کیا کہ بچوں کو کھڑی گاڑیوں میں ہرگز نہ چھوڑیں کیونکہ ان میں درجہ حرارت تیزی سے بڑھتا ہے جو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ شہری ٹھنڈے پانی سے ہاتھ اور منہ دھوئیں تاکہ خون کی روانی بہتر ہو، اور دھوپ میں نکلتے وقت ایلوویرا کا استعمال کریں جو لوشن سے بہتر اور قدرتی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے ضلع جہلم کی تمام تحصیلوں میں ہیٹ اسٹروک رسپانس کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ڈاکٹر فواد مجید نے محکمہ موسمیات کی وارننگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے چند دنوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو مزید محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔



