پنڈدادنخان میں یوم القدس پر فلسطینی مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے احتجاجی ریلی نکالی گئی

پنڈدادنخان: یوم القدس کے موقع پر فلسطینی مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جامع مسجد سلیمان فارسی سے نوازش شہید چوک تک ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، علماء کرام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطینی عوام کے حق میں نعرے بلند کیے۔

ریلی جامع مسجد سلیمان فارسی سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی نوازش شہید چوک پہنچی جہاں یہ ایک احتجاجی جلسے کی صورت اختیار کر گئی۔ شرکاء نے فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عمران سہیل اور علامہ صادق تقوی نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت ہر مسلمان کا دینی اور اخلاقی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کئی دہائیوں سے ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں اور امتِ مسلمہ کو ان کی حمایت میں متحد ہونا چاہیے۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر امریکہ یا اس کے اتحادی ایران کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کرتے ہیں تو عالمِ اسلام کو ایران کی حمایت میں کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کی ہے اور اس کی خودمختاری اور سلامتی کا تحفظ امتِ مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مقررین نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ فلسطین میں جاری مظالم کا فوری نوٹس لیا جائے اور فلسطینی عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔

ریلی کے دوران ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان رانا لطیف کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری سیکیورٹی کے لیے موقع پر موجود رہی۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء پُرامن طور پر منتشر ہو گئے جبکہ آخر میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں اور امتِ مسلمہ کی وحدت و سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button