جہلم شہر میں ڈمپرز کے داخلے پر پابندی موثر نہ ہو سکی، بااثر مالکان نے بیریئر اکھاڑ دیے

جہلم شہر میں بھاری گاڑیوں خصوصاً ڈمپرز کے داخلے پر عائد پابندی مؤثر نہ ہو سکی۔ بااثر ڈمپر مالکان نے انتظامیہ کی جانب سے نصب کیے گئے بیریئر اکھاڑ دیے، جس کے باعث شہر میں دوبارہ رات کے وقت بھاری گاڑیوں کی آمدورفت شروع ہو گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہری حدود میں ڈمپرز، ٹرالرز اور ٹرکوں کے داخلے کو روکنے کے لیے مختلف داخلی راستوں پر بیریئر نصب کیے تھے تاکہ ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جا سکے، کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکوں کو نقصان سے بچایا جا سکے اور شہریوں کو پیش آنے والے حادثات کے خدشات کم کیے جا سکیں۔
تاہم بااثر ڈمپر مالکان نے مبینہ طور پر حکومتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر نصب بیریئر توڑ دیے، جس کے بعد رات ہوتے ہی بھاری گاڑیوں کی شہر میں آمدورفت دوبارہ دیدہ دلیری کے ساتھ شروع ہو چکی ہے۔
شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر، موٹر وہیکل ایگزامنر اور آر ٹی اے سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور بھاری گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی عائد کی جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بیریئر توڑنے والے ڈمپر مالکان کے خلاف سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کی جائے اور ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں تاکہ اندرون شہر ٹریفک جام اور حادثات سے بچا جا سکے۔



