انتظامیہ دینہ شہر کو ایک جدید اور ماڈل شہر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، ڈی پی او جہلم

دینہ شہر کی خوبصورتی بحال کرنے اور بیوٹیفکیشن سکیم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان کے ہمراہ دینہ مین بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد شہر کے مجموعی حسن کو بہتر بنانا اور تعمیر و ترقی کے جاری منصوبوں کے معیار کا جائزہ لینا تھا۔
بازار کے معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر جہلم نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو فوری بہتری کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے تجاوزات کے فوری خاتمے اور بنیادی ڈھانچے کی مرمت و بحالی کے لیے بھی سخت ہدایات دیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان کو ہدایت کی کہ بازاروں میں پیدل چلنے والے شہریوں کے لیے راستے صاف اور کھلے رکھے جائیں اور تاجروں کے تعاون سے بیوٹیفکیشن پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ دینہ شہر کو ایک جدید اور ماڈل شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کا ہدف شہریوں کو صاف ستھرا ماحول، بہتر سفری سہولیات اور جدید تجارتی مواقع فراہم کرنا ہے، جبکہ بیوٹیفکیشن سکیم پر مؤثر عملدرآمد دینہ کی تعمیر و ترقی میں ایک نئی روح پھونکے گا۔



