رمضان المبارک قرآن اور رحمت کا مہینہ ہے، عبادات کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتیں ہم سب پر سایہ فگن ہو چکی ہیں۔ رمضان اسلامی سال کا نواں مہینہ ہے جسے اللہ تعالیٰ نے خصوصی طور پر برکت، رحمت اور مغفرت سے معمور فرمایا ہے۔ اس مقدس مہینے کی فضیلت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے قرآنِ مجید کا مہینہ بھی کہا جاتا ہے۔
جہلم شہر کی معروف مذہبی و سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس ایام میں ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ خود بھی زیادہ سے زیادہ قرآنِ مجید کی تلاوت کرے اور اپنے اہلِ خانہ بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو قرآن سے محبت اور وابستگی پیدا کرنے کی ترغیب دے۔ قرآن سے تعلق مضبوط کیے بغیر رمضان کی حقیقی برکات حاصل نہیں کی جا سکتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کی فضیلت اس اعتبار سے بھی بے مثال ہے کہ اس مہینے میں کی جانے والی عبادات کا ثواب عام دنوں کے مقابلے میں کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ رسولِ اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ رمضان میں عمرہ کرنے کا ثواب میرے ساتھ حج کرنے کے برابر ہے، جبکہ دیگر عبادات کا اجر بھی انسانی سوچ سے کہیں بڑھ کر عطا کیا جاتا ہے۔
سید خلیل حسین کاظمی نے اہلِ ایمان پر زور دیا کہ رمضان المبارک کی تیاری میں ہرگز کوتاہی نہ کریں اور نماز، روزہ، تراویح، اعتکاف، تلاوتِ قرآن، اذکار، دعاؤں اور صدقہ و خیرات کا پختہ عزم کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنی روزمرہ عادات اور طرزِ زندگی میں اصلاح لاتے ہوئے اس بابرکت مہینے کو حقیقی معنوں میں روحانی ترقی کا ذریعہ بنائیں۔
اس موقع پر چوہدری عابد محمود، مرزا قدیر بیگ، عامر کیانی، مقصود احمد نقیبی، منور حسین، چوہدری دانیال عابد، عبدالغفار، سید ناصر محمود، ابرار سندھو، چوہدری تصور حسین، اومان بٹ سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔



