ضلع جہلم میں رمضان سہولت بازار نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ جہلم کی نگرانی میں ضلع جہلم میں رمضان سہولت بازار نے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے، جہاں روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش انتہائی ارزاں اور سرکاری نرخوں پر دستیاب ہیں۔ اس اقدام کا مقصد ماہِ صیام کے دوران شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔

ضلع کی دیگر تحصیلوں میں بھی عوام کو بھرپور سہولت دینے کے لیے مختلف مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں خصوصی ڈی سی کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں تمام اشیائے خوردونوش حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ڈی سی ریٹس پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے رمضان سہولت بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے ملاقات کر کے اشیاء کے معیار اور قیمتوں کے بارے میں براہِ راست آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو تمام ضروری اشیاء مقررہ نرخوں پر ہر صورت فراہم کی جائیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو حقیقی ریلیف پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور بازاروں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

شہریوں نے رمضان سہولت بازار اور ڈی سی کاؤنٹرز کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ ریلیف پورے رمضان المبارک کے دوران اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button