رمضان المبارک میں ضلع جہلم میں امن و امان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، ڈی پی او طارق عزیز سندھو

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیرِ نگرانی ڈی پی او آفس جہلم میں رمضان المبارک کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، خواتین کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام سے متعلق جامع حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں ایس پی انویسٹیگیشن جہلم، تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، جبکہ ڈی ایس پی انویسٹیگیشن، انچارج سیف سٹی جہلم، انچارج ایلیٹ فورس اور ڈی پی او آفس جہلم کی مختلف برانچز کے انچارجز اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران ضلع بھر کی تمام مساجد، امام بارگاہوں، رمضان سہولت بازاروں، مارکیٹس اور اہم تجارتی مراکز پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ نمازِ تراویح، افطار اور سحر کے اوقات میں خصوصی گشت اور اضافی نفری تعینات کی جائے گی تاکہ شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

خواتین کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ بازاروں اور عوامی مقامات پر لیڈی پولیس اہلکاروں اور لیڈیز سائیکل اسکواڈ کی مؤثر تعیناتی کی جائے گی، جو مسلسل گشت کریں گے تاکہ ہراسانی کے واقعات کی بروقت روک تھام ممکن ہو سکے۔

ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا جائے گا۔ رش کے اوقات میں اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جائیں گے اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس میں جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری ملزمان اور مشکوک افراد کے خلاف سرچ آپریشنز، ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ڈی پی او جہلم نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران و اہلکار شہریوں سے خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل اختیار کریں گے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ضلع جہلم میں امن و امان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور شہریوں، خصوصاً خواتین اور بزرگوں، کو محفوظ اور پُرسکون ماحول فراہم کرنا ضلعی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button