جہلم میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد

جہلم: تھانہ صدر پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان وزیر گل اور شہزاد سے 3 عدد چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ صدر اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان وزیر گل اور شہزاد کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران ان کے قبضے سے 3 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، جو مختلف مقامات سے چرائی گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان تیار کر کے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔



