رمضان میں قیمتوں پر موثر کنٹرول کیلئے انتظامیہ، تاجر اور میڈیا کو ایک ٹیم بن کر کام کرنا ہوگا، میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ضلعی انتظامیہ، تاجر برادری اور میڈیا نمائندگان کو باہمی تعاون کے ساتھ ایک ٹیم بن کر کام کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی افسران، تاجر نمائندگان اور صحافیوں کے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ماہِ صیام کی برکتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ناجائز منافع خوری سے اجتناب کریں اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مناسب نرخوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی ہی عوامی اعتماد کو مضبوط بناتی ہے۔
میڈیا کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں، اور گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی کی بروقت نشاندہی انتظامیہ کے لیے مؤثر کارروائی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ایک خصوصی سیل قائم کیا جا رہا ہے، جہاں موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں معیاری اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانا ہے، تاکہ عوام کو ماہِ صیام میں حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



