جہلم میں سرکاری آٹے کی وافر فراہمی یقینی بنانے کیلئے کڑی مانیٹرنگ جاری

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر جہلم شمس عباس کی زیر نگرانی ضلع بھر کے تمام کریانہ اسٹورز پر سرکاری آٹے کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ خوراک کی خصوصی ٹیمیں مختلف مارکیٹوں اور دکانوں کا باقاعدہ معائنہ کر رہی ہیں تاکہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہ ہو۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شمس عباس نے آٹے کی سپلائی چین، معیار اور مقدار کا جائزہ لیتے ہوئے دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آٹے کے معیار اور وزن پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے مزید کہا کہ آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے یا گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر آٹے کے اسٹاک کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ فراہمی کا عمل مکمل طور پر شفاف رہے۔
ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں متحرک ہیں اور ضلع کی تمام تحصیلوں میں آٹے کے پوائنٹس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ ذخیرہ اندوزوں پر گہری نظر رکھیں اور سرکاری سپلائی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف فوری قانونی چارہ جوئی کریں، تاکہ عوام کو سرکاری قیمتوں پر معیاری آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



