یونین کونسل کوہالی کے گاؤں نگیال کے مکین سراپا احتجاج، ڈیڑھ کلومیٹر سڑک کی تعمیر کا مطالبہ

سوہاوہ: ڈومیلی کی یونین کونسل کوہالی کے داخلی علاقے پدھری ڈھوک نگیال میں ڈیڑھ کلومیٹر سے زائد سڑک تعمیر نہ ہونے پر علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے۔ مقامی افراد نے سڑک کی خستہ حالی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

احتجاجی مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سڑک نہ ہونے کے باعث روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ بارش کے دنوں میں صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے، جب سکول جانے والے بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مظاہرین کے مطابق ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو ڈیڑھ کلومیٹر دور چارپائی پر اٹھا کر لے جانا پڑتا ہے، جو نہایت تکلیف دہ اور خطرناک عمل ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ حکومتی نمائندے انتخابات کے دوران ووٹ لینے آتے ہیں، لیکن کامیابی کے بعد حلقے کے مسائل کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ اہلِ علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر جہلم اور رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیا جائے اور سڑک کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

احتجاجی مکینوں نے بتایا کہ وہ طویل عرصے سے متعدد حکومتی نمائندوں اور متعلقہ اداروں کو سڑک کی خراب حالت سے آگاہ کرتے آ رہے ہیں، مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر ایم این اے چوہدری فرخ الطاف سے اپیل کی کہ وہ اس اہم عوامی مسئلے پر توجہ دیتے ہوئے ڈیڑھ کلومیٹر سڑک کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کروائیں۔

مظاہرین نے مزید کہا کہ اس سڑک کی خراب حالت کے باعث متعدد حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں، جس سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ اہلِ علاقہ نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button