جہلم پولیس کی کارروائی، خاتون منشیات فروش گرفتار، بھاری مقدار میں چرس و آئس برآمد

جہلم پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی، تھانہ کالا گجراں پولیس نے خاتون منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو دھر لیا۔
تلاشی کے دوران ملزمہ کے قبضے سے 1 کلو 657 گرام چرس اور 267 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔ پولیس نے ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا ہے کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں، ان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ شہریوں کے تعاون سے جہلم کو منشیات سے پاک ضلع بنایا جائے گا۔



