جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 417 افراد کی چیکنگ

جہلم: ضلع جہلم میں پولیس کی جانب دہشت گردوں، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی جاری ہے۔
ضلع بھر میں مختلف مقامات پر کارروائی کے دوران 13 مختلف جگہوں پر سرچ آپریشنز کیے گئے جن میں 417 افراد کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویری فکیشن کی گئی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کے مطابق یہ آپریشنز نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری بلکہ اہم تنصیبات کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سپیشل ناکہ بندی اور چیکنگ کی گئی تاکہ مشکوک افراد اور غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پایا جا سکے۔
سرچ آپریشنز کا بنیادی مقصد غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی، سماج دشمن عناصر کی سرکوبی اور شرپسند عناصر کو اپنے مذموم عزائم پر عمل کرنے سے روکنا ہے۔ ڈی پی او جہلم نے شہریوں کو یقین دلایا کہ پولیس ضلع میں امن و امان کے قیام اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔



