سیف سٹی کی بدولت جہلم کے شہریوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے آج سیف سٹی سینٹر جہلم کا دورہ کیا جہاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے ان کا استقبال کیا اور جدید مانیٹرنگ سسٹم، سی سی ٹی وی کیمروں کے نیٹ ورک اور ایمرجنسی رسپانس میکانزم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت اس وقت شہر کے مختلف مقامات پر 150 سے زائد ہائی ریزولوشن کیمرے نصب ہیں جو ٹریفک مینجمنٹ، جرائم کی روک تھام اور ایمرجنسی صورتحال میں فوری ردعمل کے لیے مدد فراہم کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ شہر کی سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیٹا کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی جیسے جدید منصوبے نہ صرف شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ضامن ہیں بلکہ ٹریفک کے نظم و ضبط اور امن و امان قائم رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
دورے کے موقع پر سیف سٹی کے انچارج اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سیف سٹی پروجیکٹ کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی بدولت جہلم کے شہریوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔



