جہلم میں خاتون سمیت 4 افراد کا قتل، مقتول کی بیٹی اور اس کے دوست سمیت 6 افراد کیخلاف مقدمہ درج

جہلم میں تھانہ کالا گجراں کی حدود کوٹھا پرانا میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کے لرزہ خیز قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول اشفاق احمد کے برادر نسبتی کی مدعیت میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات 302، 449، 148 اور 149 کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمے میں مقتول اشفاق احمد کی بیٹی عائشہ اور اس کے دوست شہروز سمیت 6 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شہروز مقتول کی بیٹی عائشہ سے پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا لیکن خاندان کی مخالفت کے باعث دونوں گھر سے بھاگ گئے تھے۔ بعدازاں پنچایت کے ذریعے عائشہ کو واپس گھر لایا گیا جس پر شہروز کو شدید رنج تھا اور وہ خاندان سے انتقام لینا چاہتا تھا۔
ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عائشہ اور شہروز نے منصوبہ بندی کر کے ساتھیوں کے ہمراہ اشفاق احمد اور اس کے خاندان کو نشانہ بنایا۔ قتل ہونے والوں میں 60 سالہ اشفاق احمد، اس کی اہلیہ رابعہ اور ان کے دو بیٹے بابر اور عرفان شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاہم ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ تفتیش جاری ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



