جہلم میں سی سی ڈی ٹیم پر مسلح افراد کی فائرنگ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

جہلم کے نواحی علاقے میں سی سی ڈی ٹیم پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ صدر کی حدود میں سی سی ڈی ٹیم پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ واقعہ نوگراں پلی کے قریب پیش آیا جہاں سی سی ڈی ٹیم نے ایک مشکوک موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو روکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے دوران ٹیم کا ایک اہلکار گولی لگنے سے بال بال بچ گیا کیونکہ اس نے بلٹ پروف ہیلمٹ پہنا ہوا تھا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
سی سی ڈی ٹیم نے تعاقب کیا تو کچھ فاصلے پر ایک ملزم زخمی حالت میں ملا جس کی شناخت عاصم بلال عرف صاحبو ولد محمد اقبال سکنہ راجڑ کلاں سرائے عالمگیر ضلع گجرات کے طور پر ہوئی جبکہ دوسرا ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ زخمی ملزم کو ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور کا پسٹل برآمد ہوا، جبکہ وہ منشیات اور موٹر سائیکل چوری کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب تھا۔ ملزمان کی چھوڑی گئی موٹر سائیکل بھی چوری شدہ نکلی جس کا مقدمہ تھانہ سول لائن جہلم میں درج ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مفرور ساتھی کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور گرفتار ملزم سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔



